واشنگٹن،22جنوری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کے پاس دہشت گردی کو کچلنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ داعش جیسا شر آج تک دنیا نے نہیں دیکھا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے ان خیالات کا اظہار امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارےCIA کے ہیڈ کواٹر کے دوریکے موقع پر کیا۔ سی آئی اے ہیڈ کواٹر کے دورے کے دوران امریکی نائب صدر مایک بنس بھی ان کے ہمراہ تھے۔نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ امریکی سراغ رساں اداروں کو مکمل سپورٹ کریں گے۔ امریکی شہریوں کی جان ومال کے تحفظ میں خفیہ اداروں کا کلیدی کردار ہے۔
خیال رہے کہ امریکی صدر نے باضابطہ طور پراقتدار سنھبالنے کے بعد پہلے روز سی آئی اے ہیڈ کواٹر کا دورہ کیا۔ اس سے قبل وہ خفیہ اداروں کو انتخابات میں روس کی مبینہ مداخلت کے الزامات پرسخت تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں۔
وائیٹ ہاؤس کے ترجمان شون سپائسر کا کہنا تھا کہ صدر سی آئی اے کے ورجینا میں قائم صدر دفتر کے دورے کے دوران 300اہم شخصیات کی موجودگیی میں خفیہ ادارے کے تعاون پر اس کا شکریہ ادا کریں گے۔ایک ٹوئٹر بیان میں ترجمان نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ انٹیلی جنس اداروں سے وابستہ مردو خواتین کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں۔خیال رہے کہ امریکا کی سبکدوش حکومت نے الزام عاید کیا تھا کہ روس نے ڈونلڈ ٹرمپ کو جتوانے کے لیے گذشتہ برس ستمبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں مداخلت کی تھی۔
امریکی خفیہ اداروں کی رپورٹس میں بھی اس دعوے کو درست قرار دیا گیا تھا جس کیبعد ٹرمپ اور سی آئی اے کے درمیان تناؤ پیدا ہوا تھا۔